وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مناسب قیمتوں پر گھر فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گھر سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری سے تعمیر کئے جائیں گے جس میں حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ نجی شعبہ مکان تعمیر کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زائد درخواستوں کی وجہ سے قرعہ اندازی کی جائے گی۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مکانوں کو آسان اقساط پر فراہم کرنے کو فروغ دے رہی ہے جو متعدد ممالک میں رائج ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے سرکاری ملازمین کو مناسب قیمتوں پر مکان مل سکیں گے۔ وزیراعظم نے ملک کے پسماندہ علاقوں میں مقیم افراد کو بھی گھر فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا کہ اسلام آباد کی دو کچی آبادیوں میں بھی یہ سکیم شروع کی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ یہ سکیم پورے ملک میں مرحلہ وار پھیلائی جائے گی۔