وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی سطحوں پرمختلف قوانین، کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے غیرضروری قواعدوضوابط، سرکاری محکموں کی جانب سے کاروباری برادری کے لئے رکاوٹیں پیدا کرنے اور بدعنوانی کے سبب ملک میں صنعتی ترقی جمودکاشکارہوئی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں نوجوان طبقے کی بڑی تعداد،ارزاں افرادی قوت کی دستیابی اور حکومت کی نرم اورآزادانہ پالیسی سے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگارماحول پیدا ہواہے جس سے مکمل فائدہ اٹھایاجاناچاہیے۔وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کو ایک ماہ کے اندرکاروباری سرگرمیوں سے متعلق وفاقی اور صوبائی قوانین کے درمیان ہم آہنگی کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں صوبوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے متعلقہ قوانین کو سادہ اور آسان بنایاجائے۔
