ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 242 رنز کا ہدف دے دیا، ہینری نکولس 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لارڈز میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لئے 242 رنز کا ہدف دیا، لیام پلنکٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گری جب مارٹن گپٹل 19 رنز بنا کر ووکس کا نشانہ بنے۔ کیوی کپتان کین ولیم سن 30 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے، ہینری نکولس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، روس ٹیلر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جمی نیشم 19 رنز بنا کر پلنکٹ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر ووکس کو وکٹ دے بیٹھے، وکٹ کیپر ٹام لیتھم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میٹ ہینری 4 رنز بنا کر آرچر کا نشانہ بنے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے دو جبکہ جوفرا آرچر اورمارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔