وزیرِ برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی وزارت نے خواتین کی قانون اور انصاف تک آسان رسائی یقینی بنانے کےلئے، نیز خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے خواتین تھانوں کو دیہی علاقوں تک توسیع دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق تمام مقدمات کی تحقیقات ان پولیس اسٹیشنوں کی ذمہ داری ہوگی خواہ وہ متاثرہ فریق ہوں یا ملزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر خواتین تھانوں کے قیام کا مقصد مردوں کے معاشرے میں مظلوم خواتین کو اپنی شکایات پولیس تک پہنچانے کے لئے محفوظ راستہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین تھانے مکمل طور پر فعال ہونگے اور ان کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ بھی ہو گا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے پرعزم ہے کیونکہ پائیدار ترقی کے لئے زندگی کے تمام شعبوں میں ان کی شمولیت اشد ضروری ہے۔