صحرائے تھر میں گزشتہ 4 سال کی خشک سالی کے بعد حالیہ بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
سندھ کے صحرائی ضلع تھرپارکر میں چند دن پہلے تک بھوک اور پیاس سے نہ صرف انسان بلکہ جانور بھی نڈھال تھے، لیکن حالیہ بارشوں کے بعد وہاں زندگی کے آثار نمایاں ہوگئے۔ حسین موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے تھر کے لوگ مِٹھی کے معروف تفریحی مقام گدی بھٹ پہنچ گئے، جہاں ہر خاص و عام کے چہرے پر خوشی کے آثار نظر آئے- گزشتہ روز مون سون کی تیز بارش کے بعد ضلع تھرپارکر میں ہر منظر یکسر بدل چکا ہے اور اب وہاں ہر طرف ندی نالوں میں پانی آچکا ہے۔ تھرپارکر کے صحرائی علاقے میں اب تا حد نگاہ گھاس اور پودے اگنا شروع ہوگئے ہیں، مرجھائے ہوئے پھر سے درخت ہرے بھرے ہوگئے ہیں اور مکینوں کے چہروں پر رونق بھی لوٹ آئی ہے- سندھ کے شہری علاقوں میں جہاں مون سون کی بارش زحمت بن گئی، وہیں یہ رم جھم تھرپارکر کے مکینوں کے لئے رحمت ثابت ہوئی ہے۔