فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شہر کے بڑے ہسپتالوں اور طبی مراکز سے منسلک ڈاکٹرز اور سرجنز کی آمدنی کی تفصیلات طلب کرلیں-
کمشنرلینڈ ریونیو کے نام ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شہر کے 30 سرکاری و نجی ہسپتالوں کی فہرست دی گئی ہے تاکہ وہاں موجود تمام طبی معالجین کی تفصیلات حاصل کر کے ان کی خود کی فراہم کی گئی معلومات سے موازنہ کیا جاسکے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ تمام شعبوں اور پیشوں کو دستاویزی شکل دینے کے سلسلے میں نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جس کے لئے پہلے مرحلے کا آغاز کراچی سے کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت قابلِ ٹیکس آمدنی کے حامل افراد کو اپنا ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ضروری ہے، ہم نان فائلر ڈاکٹر کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے ملک بھر کے تمام ہسپتالوں کو نوٹسز بھجوائیں گے۔