اسرائیلی فوج نے گزشتہ ماہ انسانیت سوز کارروائیوں کے دوران 6 فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں شہریوں کو زخمی کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کیخلاف کارروائیوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، القدس سٹڈی سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جولائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے 6 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ اس دوران 414 افراد کو بغیر کوئی عذر پیش کئے بغیر گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جولائی میں انسانی حقوق کی 364 پامالیاں کیں۔ اس دوران عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینیوں کے جائز مکانات بھی گرائے جاتے رہے جبکہ 1500 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی بھی کی جنہیں اسرائیلی حکومت کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی۔