سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں- دونوں وزرائے خارجہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے- ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت مسئلہ کشمیر سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور یو اے ای کے وزیرِ خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں وزرائے خارجہ کا استقبال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزراء دورہ پاکستان کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں ہے، دونوں وزرائے خارجہ ساتھ ساتھ تمام ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران مہمان وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ہوگی جبکہ وہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات پر بات کریں گے۔