وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں زمین کے رقبوں کے ریکارڈ میں غیر قانونی ردوبدل کے خاتمے ، نقشوں کے ذریعے تعمیرات کی نگرانی یقینی بنانے اور زمین کی ملکیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے ملکیتی نقشے کا اجراء کرینگے۔
زمین کی ملکیت کے نقشے کا منصوبہ وزیراعظم کے اس ویژن کا عکاس ہے جس کے تحت پٹوار کے پرانے نظام کو جدید کمپیوٹرائز ڈآن لائن نظام میں تبدیل کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سرکاری زمینوں کے ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا جس پر ایک ارب ننانوے کروڑ چالیس لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
سروے آف پاکستان نے جغرافیائی معلوماتی نظام کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد کا کمپیوٹرائزڈملکیتی نقشہ تیارکیاہے۔اس نظام سے بیرون ملک مقیم پاکستانی اسلام آباد میں زمین کی خریداری سے پہلے آن لائن تصدیق کرسکیں گے ۔اس نئے نظام سے سرکاری زمین پرغیرقانونی قبضے، نالوں اورجنگلات پرتجاوزات کی نشاندہی ہوسکے گی۔