وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کسی دہشت گرد تنظیم کو ملک کا امن تباہ کرنے نہیں دے گی۔
آج کراچی میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی سرحد کے آر پار نقل وحرکت کو روکنا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان کو علاقائی امن میں اہم مقام حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہی ہے کہ مختلف ممالک کے طیاروں نے پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت کی درخواست کی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کئی عشروں سے چالیس لاکھ سے زیادہ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے۔