پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سنٹر لاہور میں دوسواسی بستروں پر مشتمل ڈینگی فیلڈ ہسپتال کا افتتاح کر دیا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال کو چوبیس گھنٹے میں فعال کر دیا گیااور سی بی سی ٹیسٹ پینتالیس سیکنڈ میں فراہم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والے افراد کو ہسپتال میں داخل کیا جائے گا جبکہ منفی آنے والوں کو ادویات دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتال کو ڈاکٹرز، نرسز،طبی عملے سمیت آکسیجن اور ادویات کی فراہمی کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایکسپو فیلڈ ہسپتال سمیت ڈینگی کے مریضوں کے لئے مجموعی طور پر 1209 بستر مختص کئے گئے ہیں۔