صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عصر حاضر کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے یونیورسٹیوں سے اعلی تعلیم یافتہ اور ماہر ہنر مند افراد تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز اسلام آباد میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کہ صنعتی روابط قائم کریں اور بہترین غیرملکی یونیورسٹیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے ان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے یونیورسٹی حکام کو ہدایت کی کہ خصوصی طلبہ کے حوالے سے اعلی تعلیمی کمیشن کی پالیسی کو نافذ کیا جائے جس کے تحت خصوصی صلاحیتوں کے حامل طلبہ اور خواتین کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ طلبہ تعلیمی اخراجات، ہاسٹل کی فیس اور دیگر اخراجات مکمل معاف کردئیے جائیں گے۔
صدر عارف علوی نے یونیورسٹی حکام پر زور دیا کہ اپنا نصب العین جدید بنیادوں پر استوار کر کے اہداف کے حصول کیلئے وقت کی حد مقرر کریں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سائبر سیکورٹی کے شعبے پر توجہ مرکوز کر کے ملکی ضروریات کو ترجیح دینی چاہیئے۔