وزیر اعظم عمران خان نے جوسعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں ، رات مکہ مکرمہ میں اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔
مسجد الحرام پہنچنے پر حرمین شریفین کے امور سے متعلق متعدد اعلی سعودی عہدیداروں سمیت سکیورٹی فورسز کے خصوصی دستے نے ان کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم دورے کے دوران سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ماحولیاتی تبدیلی کی روک تھام کے منصوبے مڈل ایسٹ گرین Initiative کے سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سربراہ اجلاس میں وہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ترقی پذیر ملکوں کو درپیش مسائل پر اپنا موقف پیش کریں گے۔وزیراعظم موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے 10ارب ٹری سونامی سمیت پاکستان کی طرف سے قدرتی حل پر مبنی طریقوں کے استعمال کے تجربے کو بھی اجاگر کریں گے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے شروع کئے گئے منصوبے سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطی اپنی نوعیت کے پہلے منصوبے ہیں جن کا مقصد قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنانا ہے۔
وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقات کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کرینگے اور سعودی عرب اور پاکستان کے معروف سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقات کریں گے۔