تازہ ترین
تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات

تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،عالمی برادری افغان شہریوں کو درپیش معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ،پاکستان، افغانستان کو تجارتی و سرحدی نقل و حرکت میں سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو تہران میں ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔

افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر محمد صادق اور ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان، تمام ہمسایہ ممالک کیلئے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔21 اکتوبر کو کیے گئے اپنے دورہ ء کابل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان شہریوں کو درپیش معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کو تجارتی و سرحدی نقل و حرکت میں سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کئے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئےایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

یہ خبر پڑھیئے

ڈنگ شے شانگ کی ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کی اور تقریر

30 نومبر سے یکم دسمبر تک چینی  صدر شی چن پھنگ کے خصوصی نمائندے، سی …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons