امریکا کو کی جانے والی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 44 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 22-2021 کے دوران امریکا کو 3862.642 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا جنوری 21-2020 کے دوران امریکا کو کی جانےوالی قومی برآمدات سے 2677.208 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران امریکا کو کی جانے والی قومی برآمدات کے حجم میں 1185.434 ملین ڈالر یعنی 44.27 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مجموعی قومی برآمدات میں 27.36 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم 13.914 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 17.722 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔