قومی محکمہ برائے غذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ مویشیوں میں پائی جانیوالی حالیہ بیماری لمپی اسکن سے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ بیماری کراچی، حیدرآباد، جامشورو اور بہاولپور کے جانوروں میں پائی گئی ہے، تاہم متاثرہ مویشیوں کا ابلا ہوا دودھ اور اچھی طرح پکا ہوا گوشت انسانی استعمال کیلئے محفوظ ہے۔ سندھ کے وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی کے مطابق کراچی میں اب تک 15 ہزار، جبکہ سندھ بھر میں 35 ہزار مویشی اس بیماری سے متاثر ہوچکے ہیں۔
نیشنل فوڈ سکیورٹی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ لمپی اسکن پر قابو پانے، پھیلاؤ روکنے کیلئے اینیمل ہسبنڈری کمشنر نے صوبوں کو خط لکھ دیا ہے، پہلے سے دستیاب بھیڑ، بکری کی پاکس ویکسین لمپی اسکن وائرس کے خلاف مؤثر ہے، حکومت لمپی اسکن ویکسین درآمد کرنے کیلئے فوری انتظامات کر رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مویشیوں میں لمپی اسکن بیماری وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے، لمپی اسکن کی بیماری مچھروں، مکھیوں اور کھٹمل کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔