تازہ ترین
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) کے سیکرٹری جنرل سٹیفن ٹوئگ سے بات چیت کے دوران کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے قائم مقام چیئرپرسن ایان لڈل گرینجر، ایم این اے شاندانہ گلزار خان، سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، ممبر کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن ایملی ڈیوس اور حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ میں پارلیمنٹ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے وفد کو خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پارلیمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے قانون سازی کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی مالی اور سماجی شمولیت کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت دینے کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کر سکی۔

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے میں کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر سٹیفن ٹوئگ نے صدر کو پاکستانی ماہرین تعلیم، طلباء اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔

یہ خبر پڑھیئے

تا شنگ ائر پورٹ ایکسپریس کا سفر

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons