تازہ ترین
پاکستان میں سپر سونک آبجیکٹ گرنے پر بھارت سے شدید احتجاج

پاکستان میں سپر سونک آبجیکٹ گرنے پر بھارت سے شدید احتجاج

دفتر خارجہ نے جمعرات کو بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے بھارتی سپر سونک فلائنگ آبجیکٹ کی طرف سے فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آبجیکٹ 9 مارچ کو شام 6 بج کر 43 منٹ پر بھارت کے علاقے سورت گڑھ سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور میاں چنوں کے قریب گر کر تباہ ہوا جس سے شہری املاک کو نقصان پہنچا۔

بھارتی سفارت کار کو آگاہ کیا گیا کہ فلائنگ آبجیکٹ کے بلا اشتعال لانچ سے نہ صرف شہری املاک کو نقصان پہنچا بلکہ انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہوا ، فلائنگ آبجیکٹ نے پاکستانی فضائی حدود میں کئی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو خطرے میں ڈالا ،اس کے نتیجے میں سنگین فضائی حادثے کے ساتھ ساتھ شہری ہلاکتیں بھی ہو سکتی تھیں۔

بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ وہ بھارتی حکومت کو بین الاقوامی اصولوں اور ایوی ایشن سیفٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی اس صریح خلاف ورزی کی پاکستان کی شدید مذمت سے آگاہ کرے۔

اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ واقعات فضائی تحفظ کو نظر انداز کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے تئیں بھارتی بے حسی کے بھی عکاس ہیں۔پاکستان نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کے نتائج پاکستان کے ساتھ شیئر کیے جائیں۔

یہ خبر پڑھیئے

صنعتی شعبے سے تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کی تیاری کی جائے، وزیر اعظم

بجٹ میں معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی، شہباز شریف وزیرِ اعظم محمد …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons