روس کے مسلمان اکثریتی علاقے چچنیا کے صدر رمضان کا دروف نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فورمز پر اسلامو فوبیا سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے مسلمان انہیں بہت عزت واحترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے نام اپنے خط میں چیچنیا کے صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر اپنے دین سے متعلق آپ کے موقف پر اظہار تشکر کے لئے وہ ذاتی طور پر وزیراعظم سے ملاقات کے لئے بے تاب تھے۔
چیچن صدر نے حالیہ دورہ روس کے دوران وزیراعظم سے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس کے 30 لاکھ مسلمان انہیں “بڑی عزت اور احترام” کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر قادروف نے کہا کہ وہ روس میں وزیراعظم کے لئے ہر طرح کی خدمت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے فرض شناس اور فرمانبردار انسانوں میں شمار کرے۔ اللہ کے دین اور اشاعت اسلام، دفاع اور جدوجہد کے لیے ہم ہر طرح کی خدمت کے لئے حاضر ہیں۔ ہم آپ کے روس کے اگلے دورے کا بے چینی سے انتظار کریں گے۔