وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کیلئے مضبوط مالیاتی نظم وضبط اور اقتصادی انتظام کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیرانتظام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا موضوع تھا پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کی رکاوٹیں دور کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی قائدین اوردوسرے متعلقہ افراد کو ایک اقتصادی منشور پر متفق ہونا پڑے گا تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکے ۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ ہمیں ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ احسن اقبال نے پالیسیوں کے تسلسل اور اقتصادی استحکام کی ضرورت پر زوردیا تاکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو ترغیب ملے اور ادارہ جاتی اصلاحات کو یقینی بنایاجاسکے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں برآمدات پرمبنی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا اور حاصل ہونے والے ٹیکس کو مجموعی ملکی پیداوار کی اس سطح پر لانا ہوگا جو علاقائی ملکوں کی سطح کے قریب تر ہو۔انہوں نے کہاکہ ہم نے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ نہیں دی اور پچاس فیصد شرح تعلیم پر اقتصادی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ احسن اقبال نے کہاکہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ہنرمند اور تعلیم یافتہ بنانا ہوگا سی پیک منصوبے کی بدولت ہم دنیا کی توجہ کا مرکز بنے اور دنیا کے ملک یہاں سرمایہ کاری کرناچاہتے ہیں۔