تازہ ترین

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے یہ بات آج پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پنگ چن یوئی سے ملاقات میں کہی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر خزانہ نے چینی ناظم الامور کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے میں مدد ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کا یقین دلایا۔

چین کی ناظم الامور نے اپنی حکومت کی طرف سے پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ مشترکہ خوشحالی کے وژن اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے چین سی پیک کے منصوبوں کو ترقی دینے میں پرعزم ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین بھی دلایا۔

یہ خبر پڑھیئے

صنعتی شعبے سے تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کی تیاری کی جائے، وزیر اعظم

بجٹ میں معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی، شہباز شریف وزیرِ اعظم محمد …

Show Buttons
Hide Buttons