ریلوے اور شہری ہوابازی کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تمام اداروں کو مستحکم بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت درپیش مسائل پر قابو پائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
سعد رفیق نے ایئرپورٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ انہوں نے ایئرپورٹ پر دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کا تحفظ اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔