چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، گوادر کی بندرگاہ جس کا اہم حصہ ہے، پاکستان کی مستقبل کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سی جی ٹی این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سی پیک اُن پانچ راہداری منصوبوں میں سے صفِ اوّل کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کو ایک پٹی ایک سڑک منصوبے کے تحت شروع کیا گیا۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلے میں پانی، ہوا اور شمسی توانائی سمیت بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس مرحلے کے دوسرے جزو کے تحت پاکستان بھر میں بنیادی ڈھانچے ، ہائی ویز، آبی گزرگاہوں اور پلوں کو تعمیر کیا گیا ہے تاکہ مواصلات اور شاہراہوں کے ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔معین الحق نے کہا کہ پہلے مرحلے کا تیسرا اہم جزو گوادر بندرگاہ ہے جو تقریباً مکمل اور فعال ہے۔ گوادر میں قائم خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بہت سی چینی کمپنیاں اپنے کاروبار شروع کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جو انتہائی اہم ہے اور اس میں صنعتوں کے قیام، زراعت،عوام کی سماجی فلاح و بہبود، غربت کے خاتمے اور ماحول دوست معیشت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔