قومی اسمبلی نے آج قومی احتساب (دوسرے ترمیمی) بل 2022 کی منظوری دی۔
یہ بل قانون و انصاف کے وزیر مملکت شہادت اعوان نے پیش کیا تھا۔ بل کا مقصد نجی لین دن کو قومی احتساب کے دائرہ کار سے باہر نکالنا ہے ترمیم کے تحت نیب کا اختیار صرف بڑے سیکنڈوں کے خلاف کارروائی تک محدود کیا گیا ہے۔ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ ضمنی ریفرنس صرف عدالت کی اجازت سے دائر کئے جائیں گے جس کا مقصد عدالتی کارروائی تیز کرنا ہے۔
ایوان نے پبلیکشن آف لاز آف پاکستان ترمیمی بل 2022 کی بھی منظوری دی۔ قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا ہے کہ حکومت مہنگائی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ خزانے کے پارلیمانی سیکرٹری رانا اسحاق خان نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ دو روز سے روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کو پندرہ فیصد اضافہ دے دیا گیا جبکہ کم آمدنی والے افراد کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے پُرعزم ہے۔
ملک میں سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا حکومت نے متاثرہ خاندانوں کے لئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔