تازہ ترین

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات پر بضد اور بے خوف ہے، مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ

مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کا یک طرفہ اقدام زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموگرافی کی تبدیلی کی سازش ہے،

یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینواکنونشن سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ 5 اگست یوم استحصال کشمیرکے موقع پر خصوصی پیغام میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تین سال قبل 05 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اٹھائے۔

ان اقدامات کا مقصد بھارت کی اُس مذموم حکمت عملی کا نفاذ تھا جس کے تحت بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیمو گرافی )آبادی کا تناسب)تبدیل کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے بھارت نے لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں۔ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینواکنونشن سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات پر بضد اور بے خوف ہے۔کشمیریوں کو بے اختیار کرنے اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لیے بھارت کی جانب سے قائم کیا گیا حدبندی کمیشن مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی من مانی اورہٹ دھرمی کی واضح مثال ہے۔ 05 اگست2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مسلسل ابتر اور ناقابل برداشت ہے اورتب سے 650 سے زائدکشمیری شہید ہوچکے ہیں جن میں سے صرف اس سال 130 افراد کو بھارتی قابض افواج نے ماورائے عدالت واقعات میں شہید کیا۔

بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری نوجوانوں کوجعلی اور نام نہاد مقابلوں اور سرچ آپریشنز میں شہید کرنا ایک معمول کا عمل بن چکا ہے۔بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریاں بھی بغیر کسی روک ٹوک کے جاری ہیں اور تقریباًسار ی کشمیری سیاسی قیادت بھی غیر قانونی بھارتی قید میں ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بھارتی سفاکیت بی جے پی او رآرایس ایس کے امن او رمسلمان دُشمن ہندتوا ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہے۔

بھارت نے اپنے جنگی جنون اور سفاک ہتھکنڈوں سے پورے خطے کو عدم استحکام کا شکارکررکھا ہے۔ خطے میں دیرپا امن و سلامتی اور ترقی کا انحصار صرف اور صرف مسئلہ جموں وکشمیر کے پرُ امن حل پر ہے۔پاکستان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت میں ہمیشہ ثابت قدم رہے گا۔

وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے سفاک جرائم کے لیے اسے ذمہ دار اور جواب دے ٹھہرائے اور مسئلہ جموں وکشمیر کے منصفانہ اور پرُ امن حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ دُنیا  بھارت سے یہ مطالبہ کرے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی فوری روک تھام کرے،05 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لے اور کشمیری عوام کو اپنی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔

یہ خبر پڑھیئے

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ محکمہ موسمیات کے …

Show Buttons
Hide Buttons