تازہ ترین

بھارت 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات ختم کرے، پاکستان

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پانچ اگست 2019 ء کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات ختم کرے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے بامقصد مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے ضروری اقدامات کرے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ بھارت نے لاکھوں جاری ڈومیسائلز جاری کیے ہیں جن کا مقصد کشمیری مسلمان اکثریت کو ان کی اپنی سرزمین پر اقلیت میں بدل کر آبادی کے تناسب میں تبدیلی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سول سوسائٹی کے ارکان، انسانی حقوق کے علمبرداروں، وکلاء اور صحافیوں کے خلاف پابندیاں لگا دی ہیں اور پکڑ دھکڑ کی کارروائی جاری ہے اور انہیں کالے قانون کے تحت ہراساں کرکے ان کے خلاف مقدمات چلائے جارہے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت کی طرف سے اس کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کرنا غیر قانونی اقدامات ہیں جو بین الاقوامی قانون اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019 ء سے اب تک بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں کم سے کم 660 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ ان تمام اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے غیر متزلزل جذبے کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے جو بھارت کے غیرقانونی تسلط کو یکسر مستردکرتے ہوئے پختگی سے کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قوم بھارتی مظالم کی مذمت میں یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر ، آزادکشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے ۔ترجمان نے کشمیریوں کی جدوجہد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے پاکستان کی مسلسل ، غیرمتزلزل اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ خبر پڑھیئے

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ محکمہ موسمیات کے …

Show Buttons
Hide Buttons