تازہ ترین
ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، کیس 23 اگست کو سماعت کیلئے مقرر

ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، کیس 23 اگست کو سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلہ کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اگست کو کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین کو پولیٹیکل پارٹیز رول 2002 کے رولز 6 کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 2 اگست 2022 کو 8 سال بعد ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا یہ کیس پارٹی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دائر کیا تھا جس کے فیصلہ اور سماعت میں تاخیر کیلئے تحریک انصاف نے9 پٹیشنز ہائیکورٹ میں دائر کیں جبکہ 50 سے زائد بار التوا مانگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 70 صفحات پر مبنی فیصلہ تین رکنی بنچ نے متفقہ طور پر سنایا جس میں تحریک انصاف کو امریکہ، کینیڈا اورووٹن کرکٹ سے ملنے والی فنڈنگ ممنوعہ قرار دی گئی تھی جس پر تحریک انصاف کوشوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا گیا تھا کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کریں جس میں کیس وفاقی حکومت کو بھی بھجوایا جاسکتا ہے۔

فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے 2008 سے 2013 تک پانچ سال کے دوران جمع کرایا گیا فارم ون سٹیٹ بنک آف پاکستان کی سٹیٹمنٹ سے مطابقت نہیں رکھتا اوراس کی نسبت غیر مستند ہے،تحریک انصاف نے 34 غیر ملکی کمپنیوں سے فنڈنگ لی ۔تحریک انصاف کے13 نامعلوم اکاونٹس سامنے آئے جس کا وہ ریکارڈ نہ دے سکی۔فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اکاؤنٹس چھپائے،اکاؤنٹس چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

پی ٹی آئی نے دانستہ طور پر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔پی ٹی آئی نے دانستہ طور پر متحدہ عرب امارات کی کمپنی برسٹل انجینئرنگ سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔سوئٹزرلینڈ کی ای پلینٹ ٹرسٹیز کمپنی، برطانیہ کی ایس ایس مارکیٹنگ کمپنی سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔پی ٹی آئی یو ایس اے ایل ایل سی سے حاصل کردہ فنڈنگ بھی ممنوعہ ثابت ہوگئی۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق رومیتا سیٹھی سے ملنے والی فنڈنگ بھی غیر قانونی قرار پائی۔پی ٹی آئی نے جن اکائونٹس سے لاتعلقی ظاہر کی وہ اس کی سینئر قیادت نے کھلوائے تھے،کمیشن نے351 غیرملکی کمپنیوں سے ملنے والی فنڈنگ بھی غیر قانونی قراردے دی۔

فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ اور شواہد کی بنیاد پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوتی ہے۔ اس لئے اب تحریک انصاف کو باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اگست دن 10 بجے مقرر کی گئی ہے۔

یہ خبر پڑھیئے

امریکہ کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ادراک کرنا چاہئے ، چینی وزارت خارجہ

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو نینگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں ” امریکہ …

Show Buttons
Hide Buttons