پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر زور دے کہ وہ طاقت کے بے دریغ استعمال اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے۔
ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں ایک 5 سالہ بچی سمیت متعدد بے گناہ فلسطینیوں کی موت اور زخمی ہوئے،جارحیت کی تازہ ترین لہر بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی دہائیوں سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم، غیر قانونی اقدامات اور طاقت کا اندھا دھند استعمال کا تسلسل ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر زور دے کہ وہ طاقت کے بے دریغ استعمال اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے۔ جارحیت کو فوری طور پر روکنا ناگزیر ہے۔
پاکستان نے کہاکہ متعلقہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں، اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہی ہے جو فلسطینی مسئلہ کا واحد، جامع اور دیرپا حل ہے۔