وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا یوم عاشور کے موقع پر اپنی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام صبر استقامت برداشت قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے اور ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے، امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم قربانی دی، نواسہ رسول ﷺ کی قربانی نے تاریخ کے دھارے کو تبدیل کر کے رکھ دیا، قیامت تک کے لئے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیئے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوں، ہمیں فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام اور مسلم اُمہ کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا، شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار، قربانی، تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں، فرقہ ورانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں، اپنے قول وعمل سے خود کو بہترین مسلمان ثابت کریں، موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے، ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی۔ آئیں ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر ایک فلاحی اسلامی معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالیں، اس وقت بلوچستان سیلابی بارشوں سے متاثر ہے، ہم نے اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنی ہے۔