وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے جمہوریہ ٹوگو کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور دوطرفہ مفادات پر مبنی ہیں ، افریقی براعظم کے ساتھ روابط بڑھانے کے لئے ٹوگو کے ساتھ اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ۔
وہ جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ وزیر دفاع نے مشترکہ اقدار، خواہشات اور باہمی احترام پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی فورمز میں ایک دوسرے کے امیدواروں کے لئے روایتی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی تعریف کی ۔ جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی نے پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی ۔
انہوں نے ٹوگو کے سفارت کاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ٹوگو کے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی اسی طرح کی تربیت کے مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔
خواجہ محمد آصف نے اقوام متحدہ، افریقی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے اہم کثیر الجہتی فورمز پر امن و استحکام کو فروغ دینے میں جمہوریہ ٹوگو کے تعاون کو بھی سراہا۔
دونوں شخصیات نے اعلیٰ سطحی دوطرفہ سیاسی بات چیت اور وفود کے تبادلوں کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ اور او آئی سی میں قریبی رابطہ کاری پر اتفاق کیا