تازہ ترین

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی اور نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پانچ پروگراموں کا اجراء

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی اور نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پانچ پروگرام شروع کئے گئے ہیں

ان پروگراموں میں وزیراعظم یوتھ لون سکیم، لیپ ٹاپ سکیم، ہنرمند پروگرام، گرین یوتھ موومنٹ سمیت دیگرپروگرام شامل ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ جمعہ کو نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت یوتھ کنونشن منعقد کیا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی کیلئے نوجوانوں کے تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہنرمند ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، خلیجی ویورپی ممالک سمیت دیگر ممالک میں ہنرمند افراد کیلئے ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ نیشنل سکل یونیورسٹی سمیت دیگر پیشہ وارانہ تربیت کے اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے روزگار مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکالرشپس میں پچاس فیصد کوٹہ خواتین کیلئے ہوگا ،خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے تاکہ وہ سازگارماحول میں ملکی ترقی میں اہم کردارادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں ٹیچرز ٹریننگ پر توجہ مرکوز کرکے معیار تعلیم میں بہتری لائیں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے فنڈز ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے ذریعے ایک لاکھ نوجوانوں کو مفت پیشہ وارانہ تعلیم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنرمند نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہم پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا اس پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوان مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں جس طرح نوجوان شانہ بشانہ کھڑے تھے اسی طرح ملکی ترقی کیلئے بھی کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 15 کروڑ نوجوانوں کی عمر تیس سال سے کم ہے۔ ہمیں ان نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران طلباء وطالبات میں چار لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ رواں سال یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ ان میں سے پچاس فیصد کوٹہ خواتین کا ہوگا، معذور افراد کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کیلئے کوٹہ دوگنا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہنرمند پروگرام کے تحت اب تک چار لاکھ نوجوانوں کومفت پیشہ وارانہ تربیت دی گئی ہے۔ رواں سال اس پروگرام کے تحت سکالرشپس کے ذریعے ایک لاکھ نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے گی اس میں پچاس فیصد خواتین کا کوٹہ ہوگا۔ ان پروگراموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروبار کے لئے قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک اس پروگرام کے تحت 54 ہزار نوجوانوں کو74 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ہیں جبکہ رواں سال پچاس ارب روپے کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے۔ نوجوان کاروبار کے ذریعے خود کفیل اور ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو قرضوں کے حصول کیلئے زیادہ سے زیادہ درخواستیں دینی چاہئیں۔ خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی رسائی اور آگاہی کیلئے (PYMP) موبائل اپیلی کیشن کا اجراء کیا گیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹس پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے گرین یوتھ موومنٹ پروگرام جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی قومی یوتھ پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی آبادی میں نوجوان 65 فیصد ہیں ، نوجوان اصل میں ہمارا مستقبل ہے ، ہم نے اپنی زندگی گزار دی ہے، پاکستا ن کے قیام کو 75 سال مکمل ہوگئے ہیں، انشا اللہ قیامت تک پاکستان قائم و دائم رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شعبوں کی قیادت کرنے والے بھی نوجوان ہیں ، ہر شعبے میں نوجوان آگے نظر آرہے ہیں، ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ نئی نسل کو ایک ایسا پاکستان دیں جس میں نفرت اور تقسیم نہ ہو ، جس میں محبت ،رواداری ہو اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے ،جب معاشرے میں منافرت کے بیچ بوئے جاتے ہیں ،وہ معاشرے تحلیل ہوجاتے ہیں ، ہم 75 سال میں کیا دے سکے اور کیا نہیں دے سکے ،ہماری اور ہمارے والدین کی نسل کے لوگوں کے کردار بارے تاریخ بتائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کم از کم نوجوانوں کے اندر ختم ہونے والی امید کو پر امیدی میں تبدیل کرنا ہے ، 75 سالہ تقریبات میں سب سے اولین احتساب ہونا چاہیے ، ہمیں جو نعمتیں ملیں ہم نے ان کے ساتھ کیا کیا، 14اگست 1947 کے لوگوں میں محبت ، روشن مستقبل کی امید تھی ، آج اپنے آپ سے یہ سوال کریں کہ وہ امید اور کمٹمنٹ آج باقی ہے، کیا ہم اپنے ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں یا قومی ایجنڈے کو بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 75 سال گزر گئے ،اس میں ہم نے اپنا آدھا وطن بھی کھویا ہے ، اپنی روایات ، رواداری کا کلچر بھی کھویا ہے، نئی نسل کو وہ پاکیزہ اور مقدس روایات جو ہمیں اپنے بزرگوں نے دیں تھی یہ نوجوان ان سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کریں کہ نوجوان امید کے ساتھ جی سکیں ، نوجوانوں کی توقعات پوری ہوں، ملازمتیں ضرور ملیں ،ذریع معاش محفوظ ہوں ،انھیں اعلیٰ تعلیم ملے اور وہ معاشرے کے اعلی شہری بنیں ، اول و اخر اس وطن عزیز کے ساتھ کمٹمٹ کا ایجنڈا سب سے پہلے ہو ،اپنی ذاتی خواہشات اسکے بعد ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان کے ساتھ رشتہ مشروط ہے ،اگر کسی کو اقتدار نہیں ملتا تو پاکستان کے ٹکرے کرنے اور تباہی کی بات ہوتی ہے، اگر نوکری نہیں ملتی تو پاکستان سے باہر جانے کا سوچا جاتا ہے، اگر امیدیں اور مقاصد پورے نہیں ہوتے تو ایسی باتیں کی جاتیں ہیں جس سے پتہ لگتا ہے کہ مایوسی ہی مایوسی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے قیام کو 75 سال پورے ہو رہے ہیں، ہم نے ان گزرے ہوئے سالوں میں پاکستان کے لئے جو کچھ کیا ہے ،آئندہ بھی اسی محبت ، لگن کا اظہار کریں ۔اس موقع پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے نوجوانوں کیلئے پانچ پروگراموں کے اجراء کا افتتاح کیا۔

تقریب میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کے اختتام پروزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم کئے

یہ خبر پڑھیئے

پرامن بقائے باہمی چین امریکہ تعلقات کا صحیح راستہ ہے، چینی وزیر دفاع

4 جون کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر دفاع لی شانگ فو نے 20ویں شنگریلا …

Show Buttons
Hide Buttons