ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ اہلکار انسداد پولیو کی جاری مہم کے لئے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولیو ٹیم پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے ایک بیان میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف گرانقدر قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر و ہمت کے ساتھ یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے عملے پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم بھی ظاہر کیا۔