بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی اس مشکل آزمائشی وقت میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی کوشش کو قومی ذمہ داری کے طور پر انجام دے گی، اس سلسلہ میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈر بلوچستان کور کو ٹیلی فون کیا اور انہیں سیلاب کے دوران ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں صوبائی حکومت کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈر بلوچستان کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرنے اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں کے لیے صوبائی انتظامیہ کی مدد کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی، بلوچستان میں غیر معمولی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ انسانی زندگی اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو خاص طور پرنقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے فوج کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اہم مواصلاتی ڈھانچے کو بحال کیا جائے کیونکہ پاکستان آرمی اس مشکل آزمائشی وقت میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی کوشش کو قومی ذمہ داری کے طور پر انجام دے گی۔