تازہ ترین
فوری ریسکیو اور امداد کے بعد لوگوں اور انفرا سٹرکچر کی بحالی ایک بڑا چیلینج ہے، وزیراعظم شہباز شریف

فوری ریسکیو اور امداد کے بعد لوگوں اور انفرا سٹرکچر کی بحالی ایک بڑا چیلینج ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر مخیّر حضرات نے سیلاب زدگان کیلئے 2 کروڑ روپے امداد دے دی ہے جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ سیلاب میں گھرے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا عبادت سے کم نہیں، ملک میں لاکھوں افراد اس وقت بے گھر ہیں، فوری ریسکیو اور امداد کے بعد بنیادی ڈھانچے کی بحالی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں صدر ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد شکیل منیر، جمشید اختر شیخ، محمد فہیم خان، میاں شوکت مسعود، احسن بختاوری، زبیر احمد ملک، طارق صادق، عامر وحید، اظہر الاسلام، چوہدری جاوید اقبال، رانا قیصر، اختر حسین، حنیف عباسی اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں شرکاء نے وزیرِاعظم کو سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں وہ انصار مدینہ کی سنت پر عمل کرکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں، میری قوم سے اپیل ہے کہ ان مخیّر حضرات کی طرح بڑھ چڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں اپنا حصہ ملائیں، حالیہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں لوگ اس وقت سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہیں، گیارہ سو سے زائد لوگ جاں بحق اور 15 سو سے زائد لوگ زخمی ہیں، حکومت ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کو ریسکیو کر رہی ہے، حکومت نے فوری طور پر سیلاب متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد فراہم کرنا شروع کیا ہے، حکومت سیلاب متاثرین کو راشن، صاف پانی، خیمے اور مچھر دانیاں فراہم کر رہی ہے، دوست ممالک اور بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کے شکر گزار ہیں کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ فوری ریسکیو اور امداد کے بعد لوگوں اور انفرا سٹرکچر کی بحالی ایک بڑا چیلینج ہے، حکومت سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مصیبت میں گھرے ہم وطنوں کی مدد ہم سب پاکستانیوں کا فرض ہے، میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مالی امداد فراہم کرنے والے مخیّر حضرات کا مشکور ہوں

یہ خبر پڑھیئے

نوجوان ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں، ائیرکوموڈور ریٹائرڈ خالد بنوری

سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے محکمہ برائے تخفیف اسلحہ کے سابق ڈائریکٹر جنرل ائیر کوموڈور ریٹائرڈ …

Show Buttons
Hide Buttons