تازہ ترین

مشکل وقت میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے منگل کو اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے دفتر کا دورہ کیا، سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔

ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے ضروری میڈیکل سامان جس میں ایمبولنسز، بائیکس، الٹرا ساؤنڈ و ایکسرے مشینز اور ادویات شامل ہیں چیئرمین سینیٹ کے حوالے کی گئیں۔ ایمبولنسز اور بائیکس خصوصی طور پر بلوچستان کے ضلع چاغی کیلئے فراہم کی گئی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے ضروری امداد فراہم کرنے پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔ ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت شدید قدرتی آفت کا سامنا ہے اور صحت کے مراکز، طبی آلات سمیت دیگر چیزیں فراہم کر رہے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی اور ڈائریا کی وباء پھیلی ہوئی ہے اور لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے کے لئے ہم کام کر رہے ہیں اس مشکل وقت میں پاکستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد پر سینیٹ اور پاکستانی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور سیلاب کی ابتدائی تباہ کاریوں کے بعد ابھی بھی ایک مشکل مرحلہ باقی ہے لوگوں کو صاف پانی اور غذا فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ ڈبلیو ایچ او کی درخواست پر صحت کے حوالے سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے اور کمیٹی ڈبلیو ایچ او کے مشورے کیساتھ کام کرے گی اور کووڈ سے لے کر حالیہ سیلاب تک لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈبلیو ایچ او نے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے بھی آپکا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ہم ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مل کر پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔

یہ خبر پڑھیئے

امریکہ میں طبی اداروں کی سب سے بڑی ہڑتال کا امکان

یکم اکتوبر کو سی این این کی رپورٹ کے مطابق، قیصر میڈیکل گروپ اور گروپ …

Show Buttons
Hide Buttons