وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے جمعرات کو ٹیلی فونک گفتگو کی۔
وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی نیک خواہشات ظاہر کیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان میں حالیہ سیلاب کی صورتحال اور امداد و بحالی کی جاری کاوشوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ”کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر” کی طرف سے سیلابی علاقوں میں فراہم کی جانے والی امداد، امدادی سامان کی ترسیل کیلئے ”فضائی پل” کے قیام اور پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے عوام الناس سے عطیات کی وصولی کیلئے سعودی عرب میں ”ساھم” پورٹل کے آغاز پر خادم الحرمین الشریفین کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار مون سون بارشوں اور غیرمعمولی سیلاب کے باعث عوام کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور ذریعہ معاش و املاک کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کیلئے سعودی عرب کی مسلسل معاونت و حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں وسیع تر سرمایہ کاری اور اشتراک کار سے عبارت مضبوط شراکت داری سمیت جاری اقدامات پر پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا