چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے کی ۔عمران خان نے کہا کہ وہ خاتون جج کے پاس جا کر معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں ۔عدالت نے عمران خان کے معافی مانگنے پر فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی ہے۔
عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے 26 سالہ جدوجہد میں ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ اس قسم کی کوئی بات نہیں کریں گے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے عمران خان کو29 ستمبر تک تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے توہین عدالت کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے ۔