صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تجارتی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جدید کاروباری طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے کاروبار کے نئے موقع تلاش کریں۔
اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت کی 45ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو درآمدات اور برآمدات میں توازن پیدا کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں کاروبار کیلئے ساز گار ماحول اور سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے تجارتی برادری پر زور دیا کہ وہ ملک میں حکومت کی طرف سے تجارت اور کاروبار میں اضافے کیلئے دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان نے پرکشش مراعات دیں ہیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نے مختلف مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے حالیہ سیلاب نے ناقابل تلافی جانی نقصان کے ساتھ ساتھ ملک میں بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا امید ہے کہ قوم اپنے بلند حوصلے جذبے اور ہمت سے اس بحران پر قابو پا لے گی۔