تازہ ترین

بھارت میں حکومتِ پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کردیا گیا

بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کردیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی واضح وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی ‘اے این آئی’ کے مطابق حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو کچھ قانونی تقاضوں کی وجہ سے غیر فعال کیاگیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارت میں اب ٹوئٹر پر حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کا وزٹ کیا جائے تو وہاں ایک نوٹس درج دکھائی دیتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘بھارت میں اس اکاؤنٹ کو قانونی تقاضوں کی وجہ سے غیر فعال کیا گیا ہے’۔ بھارتی ویب سائٹ ‘اوپی انڈیا’ نے کہا کہ ‘حکومت پاکستان کا صرف ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کیا گیا ہے، دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر اس کے اکاؤنٹس بحال ہیں’۔

بھارتی اخبار ‘ہندوستان ٹائمز’ نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پاکستانی اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کیا گیا ہو، رواں سال جون میں بھارت میں ٹوئٹر پر اقوام متحدہ، ترکی، ایران اور مصر میں پاکستانی سفارت خانوں کے آفیشل اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اگست میں بھارت میں 8 یوٹیوب نیوز چینلز کو بلاک کر دیا گیا تھا جس میں سے ایک پاکستان سے آپریٹ کیا جا رہا تھا، علاوہ ازیں ایک فیس بک اکاؤنٹ کو بھی جعلی اور بھارت مخالف مواد پوسٹ کرنے پر بلاک کردیا گیا تھا۔

اب تک مودی حکومت کی جانب سے بھارت کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام میں 100 سے زائد یوٹیوب چینلز، 4 فیس بک پیجز، 5 ٹوئٹر اکاؤنٹس اور 3 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ ‘اوپی انڈیا’ نے کہا کہ یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کے خلاف اس اقدام کی وجہ کیا ہے، تاہم یہ اقدام بھارتی حکومت کی جانب سے ایک مسلم تنظیم ‘پاپولر فرنٹ آف انڈیا’ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔

29 ستمبر کو پی ایف آئی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کر دیا گیا تھا، یہ اقدام پی ایف آئی اور اس کی ساتھی تنظیموں پر وزارت داخلہ کی جانب سے 27 ستمبر کو گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے عائد کردہ پابندی کے بعد سامنے آیا۔

یہ خبر پڑھیئے

عالمی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے:فیصل کریم کنڈی

عالمی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے:فیصل کریم کنڈی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے عالمی …

Show Buttons
Hide Buttons