پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے بحری جہاز نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی سمندری سرحد کے قریب 6 بھارتی ماہی گیروں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا بحری جہاز سمندر کے مشرقی حصے میں گشت کر رہا تھا کہ اِس دوران جہاز کے عملے کو 6 بھارتی ماہی گیر پانی میں ڈوبتے دکھائی دیئے جس پر فوری طور پر بچاؤ کی کارروائی شروع کی گئی اور تمام 6 بھارتی ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز نے بھارتی ماہی گیروں کو طبی امداد اور خوراک دی تاکہ اُن کی حالت سنبھل جائے۔ بعد میں بھارتی ماہی گیروں کو علاقے میں موجود بھارتی ساحلی محافظوں کے حوالے کر دیا گیا۔ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کے اِس انسانی ہمدردی کے جذبے کو بھارتی ساحلی محافظوں نے سراہا۔