ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
روایتی حریف کی جانب سے کے ایل راہول اور کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم کے ایل راہول دوسرے اوور میں 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر روہت شرما تھے جو کہ 4 رنز پر ہی حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے، سوریا کمار یادیو نے 15 رنز بنائے اور حارث رؤف کی ہی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اکشر پٹیل تھے جو کہ 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، کوہلی نے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ہاردیک پانڈیا 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 37 گیندوں پر 40 سکور بناکر پویلین لوٹے، دنیش کارتک 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز کا آخری اوور گیم چینجر ثابت ہوا، انہوں نے 9 گیندوں کا اوور کرایا جس میں 2 وائیڈ اور 1 نو بال شامل تھی۔
روایتی حریف نے 160 رنز کا ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا، ویرات کوہلی 82 اور روی چندرن ایشون 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے، ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔