وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فل کورٹ کمیشن عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے کمیشن سے بھر پور تعاون کرے گی، کمیشن کی تشکیل کیلئے جلد چیف جسٹس کو خط لکھوں گا، عمران خان سمیت تمام زخمیوں کی جلد سے جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔
ہفتہ کو یہاں ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں پیش آنیوالے واقعہ کی ہم نے مذمت کی،گزشتہ دنوں بدقسمتی سے افسوس ناک واقعہ پیش آیا، وزارت داخلہ کو معاملے کی تحقیقات کی فوری ہدایت کی ہے، افسوس ناک واقعہ کے بعد میں نے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کر دی تھی، فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق کارکن کی اللہ تعالیٰ مغفرت کرے۔