تازہ ترین
آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے صوبوں میں الگ وزارتیں قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس دنیا کی آبادی 8 ارب اور پاکستان کی 23 کروڑ ہوگئی ہے، گزشتہ75 سالوں میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ سے 23 کروڑ ہوگئی، 2030ء میں پاکستان کی آبادی 26 کروڑ 30 لاکھ اور 2050ء میں 33 کروڑ 80 لاکھ ہونے کا امکان ہے، آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے، نیشنل ٹاسک فورس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاپولیشن کونسل کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی طرح بڑھتی آبادی بھی خطرے کی گھنٹی ہے، آبادی بڑھتی ہے تو تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل صوبوں کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 2 فیصد سالانہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے، ان مسائل سے نمٹنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے قومی اہمیت کے ان مسائل پر قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیانیہ کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایسے مسائل پر کھل کر بحث ہونی چاہئے، اس کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفت کے نتیجے میں قوم نے حال ہی میں بڑی تباہی کا سامنا کیا، تباہ کن سیلاب کے باعث پاکستان میں بچے اور خواتین شدید متاثر ہوئے، ماضی میں پارلیمنٹ میں منعقدہ قومی کانفرنس کے منظور کردہ اعلامیہ میں اہداف کا واضح تعین ہوا تھا، کانفرنس کے اعلامیہ پر صوبوں کے دستخط بھی ہیں، ان اہداف اور تجویز کردہ اقدامات کی بحالی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم پالیسی سازی، قانون سازی اور بیانیہ کی تشکیل کے ساتھ ساتھ مطلوبہ اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں محکمہ منصوبہ بندی نے عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا پر آگاہی پیدا کرنے اور بیانیہ کی تشکیل میں پاپولیشن کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔

یہ خبر پڑھیئے

نوجوان ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں، ائیرکوموڈور ریٹائرڈ خالد بنوری

سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے محکمہ برائے تخفیف اسلحہ کے سابق ڈائریکٹر جنرل ائیر کوموڈور ریٹائرڈ …

Show Buttons
Hide Buttons