تازہ ترین

وفاقی کابینہ نے تیل اور گیس کی تلاش کے 11 منسوخ لائسنسوں کی بحالی اور پاک تاجکستان راہداری تجارت کے معاہدے پر دستخطوں کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے تیل اور گیس کی تلاش کے 11 منسوخ لائسنسوں کی بحالی اور پاکستان اور تاجکستان کے درمیان راہداری تجارت کے معاہدے پر دستخطوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو و بحالی کے منصوبہ کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر 11 منسوخ شدہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسوں کی بحالی کی منظوری دے دی، اس اقدام کے نتیجہ میں ان 11 بلاکس میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ اجلاس میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں آفت کے بعد ضرورت کے تخمینہ (پی ڈی این اے ) کی رپورٹ پیش کی گئی۔

پی ڈی این اے وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی نے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، اقوام ِ متحدہ، تمام صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان، حکومت آزاد جموں وکشمیر، سول سوسائٹی، اکیڈمیہ اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ترتیب دیا ہے۔ اس اسسمنٹ کے تحت 94 اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات خصوصاً معیشت کے 17 بڑے شعبوں بشمول صحت، زراعت، صنعت، انفر اسٹرکچر، مواصلات وغیرہ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینہ پر بحث کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ کو پہنچا اور سیلاب سے پورے ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کی مدد سے درمیانی مدت سے طویل مدت منصوبہ بندی کرنے میں معاونت ملے گی تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ازسرِنو تعمیر کی جاسکے جو کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کے تناظر میں Resilient, Recovery Renovation and Rehablitation Plan ترتیب دیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں /ڈویژنز اور تمام صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے پی ڈی این اے کو ترتیب دینے پر وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی کی کارکردگی کو سراہا اور پلان کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی رائے ضرور لی جائے۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تجارت کی سفارش پر پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی، اس معاہدہ پر تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران دستخط ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) 29 نومبر 2022 اور 2 دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی ) کےیکم دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

یہ خبر پڑھیئے

بلوچستان پولیس کی جانب سے نسیم شاہ کو پولیس کا اعزازی ڈی ایس پی بنا دیا گیا

بلوچستان پولیس کی جانب سے نسیم شاہ کو پولیس کا اعزازی ڈی ایس پی بنا دیا گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا خیر سگالی سفیر …

Show Buttons
Hide Buttons