لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بحال کر دیا ہے۔
آج جمعہ کے روز لاہور میں گورنر کی طرف سے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ڈی نوٹی فکیشن کے خلاف چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پانچ رکنی لارجر بنچ نے صوبائی کابینہ بھی بحال کر دی۔ معزز عدالت نے گورنر پنجاب، اٹارنی جنرل اور دوسرے افراد کو اگلی سماعت کے لئے نوٹس جاری کیے ہیں جو اگلے ماہ کی گیارہ تاریخ کو ہوگی۔
اس سے پہلے سماعت کے دوران چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے چوہدری پرویز الٰہی کا دستخط شدہ ایک بیان حلفی پیش کیا جس میں کہا گیا کہ اگر گورنر کے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا جائے تو پنجاب اسمبلی اگلی سماعت تک تحلیل نہیں کی جائے گی۔