صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے سوگوار خاندانوں سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔
صدر مملکت نے شہداء کی بہادری کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ صدر عارف علوی نے سوگوار خاندانوں کے جذبے کو بھی سراہا جنہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے دیگر بیٹے اور بھائی بھی ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔