تازہ ترین
حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کی خاطر ہزاروں کشمیری اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، قمر زمان کائرہ

حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کی خاطر ہزاروں کشمیری اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، قمر زمان کائرہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاس کی گئی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد کرائے۔

بدھ کو یوم حق خوداردیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ان قراردادوں کو پاس ہوئے آج 74 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصہ میں حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کی خاطر ہزاروں کشمیری اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تو درکنار،بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور کوئی دن مقبوضہ کشمیر میں ایسا نہیں گزرتا کہ جب نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید نہیں کیا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل طرز کی پالیسیوں پر گامزن ہے اور بھارت 05 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آبادی کے تناسب کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے بھی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔ مشیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت کے یہ تمام تر اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ تمام تر عالمی قوانین اور چوتھے جینیوا کنونشن کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز دنیا کے تمام فورمز پر اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی حمایت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دنیا کے تمام فورمز پر کشمیروں کے حقوق کی جنگ جرت مندانہ انداز میں لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی اور یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے خلاف احتجاج کیا گیا انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی گیدڑ بھپکیاں ملحوظ خاطر لائے بغیر کشمیریوں کے حقوقِ کی جنگ دنیا کے تمام فورمز پر لڑنے کا سلسلہ اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل  عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔

یہ خبر پڑھیئے

یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، قمر زمان کائرہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا …

Show Buttons
Hide Buttons