بیرک گولڈ کارپوریشن نے بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں ریکوڈک معاہدے پر دستخط کے بعد ہونے والی تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک بیرسٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کمپنی کے انجینئرز ریکوڈک فیلڈ پر پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے ابتدائی کام شروع کر دیا ہے جبکہ منصوبے کے لئے عملے کی تقرری کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور بیرک گولڈ کے سی ای او نے ایک دستاویز پر دستخط کئے جس کے تحت معاہدے کے طور پر کمپنی بلوچستان حکومت کو تیس لاکھ ڈالر ادا کرے گی۔
یہ رقم بلوچستان حکومت کورواں ماہ منتقل کر دی جائے گی۔ معاہدے کے تحت کمپنی کی طرف سے علاقے کی سماجی واقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ صوبے کورائلٹی کی ادائیگی کے عمل کا بھی اس سال مارچ سے آغاز ہوگا۔ کمپنی منصوبے کے علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے بھی کام کرے گی۔