دنیا کا سب سے بڑا بحری کتب خانہ لوگوس ہوپ اردن پہنچ گیا۔
ترک خبررساں ادارے کے مطابق بحری جہاز پر بنایا گیا دنیا کا یہ سب سے بڑا کتب خانہ لوگوس ہوپ اردن کی جنوبی بندرگاہ عقبہ پر لنگرانداز ہو گیا ہے۔ عقبہ بندرگاہ کے حکام کے مطابق مختلف ممالک سے تقریباً 370 رضاکاروں پر مشتمل بحری جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر عقبہ پہنچا۔بحری کتب خانے میں سائنس، کھیل، فنون لطیفہ، ادبیات اور افکار جیسے متعدد موضوعات پر مبنی تقریباً 4 ہزار کتابوں کی پانچ لاکھ کاپیاں موجود ہیں۔
کتابوں کی اس تعداد کے ساتھ لوگوس ہوپ دنیا کا بڑا ترین بحری جہاز کتب خانہ ہے۔ عقبہ بندرگاہ پر لوگوس ہوپ کل سے ماہِ فروری کے وسط تک عوام کے لئے کھُلا رہے گا۔ بحری جہاز کتب خانہ گزشتہ سال دسمبر میں لبنان کی بیروت بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا اور 4 تا 23 جنوری تک مصر کی پورٹ سعید بندرگاہ پر موجود رہا ہے۔ واضح رہے کہ لوگوس ہوپ بحری جہاز کتب خانہ 1973 میں تعمیر کیا گیا اور اس وقت جرمنی کی “گُڈ بُکس فار آل” نامی فلاحی تنظیم میں شامل ہے۔