ہائیر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) کے زیر اہتمام بین الجامعات اسپورٹس چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن ملک بھر کی جامعات میں کھیلوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹیز سے بھی پاکستان کو متعدد کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑی ملتے رہے ہیں جو آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر پر آل پاکستان ایچ ای سی انٹر یونیورسٹیز چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جن کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ان میں آل پاکستان آرچری (مینز)، آل پاکستان باسکٹ بال (مینز)، آل پاکستان شطرنج (مینز)، آل پاکستان نیٹ بال (مینز)، آل پاکستان آرچری (ویمن)، آل پاکستان فٹبال (ویمن)، آل پاکستان والی بال (ویمن) اور آل پاکستان ہاکی (ویمن) چیمپئن شپس شامل ہیں۔